وزیراعلی عثمان بزدار کے ڈپٹی سیکرٹری ملک علی عباس کا اوورسیز پاکستانی کیساتھ تاریخی فراڈ

0
237

“چراغ تلےاندھیرا”

ملک علی عباس اور ان کے والد ملک فرخ عباس کا تحریک انصاف کی حکومت کے عین ناک کے نیچے تاریخی فراڈ اور اندھیر نگری‘ نوجوان پاکستانی امریکن اور منڈی بہاؤالدین موضع جیہ سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف کھوکھر کی زمین مقامی اسسٹنٹ کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے فراڈ اور دھوکے سے اپنے نام انتقال کرالی
ہمارا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے مگر ہم اپنے کسی بھی بھائی اور بہن سے ظلم او رناانصافی نہیں ہونے دیں گے اسی لئے ہم آج محمو یوسف کھوکھر کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وزیراعلی عثمان بزدار کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے‘ہم یہ کام بخوبی کرنا جانتے ہیں‘چیئرمین اوورسیزفورم شاہدرضا رانجھا
پاکستان کی بیورو کریسی کا کردار افسوسناک ہے‘قوم کے محافظ قوم کے لٹیرے بن چکے ہیں‘ پاکستان اوورسیز فورم کے پلیٹ فارم پر کئی ایک پاکستانی ہر روز پاکستان میں اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کے حوالے سے شکایات لیکر آ رہے ہیں‘وزیراعظم کرپٹ بیورو کریسی اور قبضہ مافیا سے ہماری جان چھڑائیں‘مصطفی دیوان

بروکلین‘ نیویارک (منظور حسین سے):___ ریاست مدینہ کے والی کے من پسند اور منتخب ترین وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے ڈپٹی سیکرٹری ملک علی عباس اور ان کے والد ملک فرخ عباس کا تحریک انصاف کی حکومت کے عین ناک کے نیچے تاریخی فراڈ اور اندھیر نگری‘ بروکلین کے رہائشی اور بروکلین میں ایک دہائی سے بزنس کرنے والے نوجوان پاکستانی امریکن اور منڈی بہاؤالدین موضع جیہ سے تعلق رکھنے والے محمد یوسف کھوکھر کی زمین مقامی اسسٹنٹ کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے فراڈ اور دھوکے سے اپنے نام انتقال کرالی۔ گزشتہ دنوں اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کے حوالے سے اپنے نام ملکیتی زمین کے کاغذات کے ہمراہ محمد یوسف نے اپنے ساتھیوں ممتاز پاکستانی امریکن تحریک انصاف کے اہم رکن اور پاکستان اوورسیز فورم کے چیئرمین شاہد رضا رانجھا‘نائب صدر مصطفی دیوان‘ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسر کیپٹن وحید کے ہمراہ اور اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور صحافیوں کو اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کے حوالے سے ثبوت فراہم کئے۔پاکستان اوورسیز فورم کے پلیٹ فارم سے محمد یوسف کھوکھر کے ساتھ ہونے والے فراڈ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے شاہد رضا رانجھا کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے ڈپٹی سیکرٹری ملک علی عباس اور ان کے والد ملک فرخ عباس نے ملی بھگت اور دھوکہ دہی سے جعلی کاغذات بنا کر محمد یوسف کھوکھر کی اراضی اپنے نام کروا لی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس فراڈ میں مقامی اسسٹنٹ کمشنر امتیاز اور عدالت کا عملہ بھی شامل ہے۔شاہد رضا رانجھا کا کہناتھا کہ اس ملی بھگت اور فراڈ سے جب محمو یوسف کھوکھر کی زمین اپنے نام کروائی گئی تو قانون کے مطابق ان کو نوٹسز بھی نہیں بھجوائے گئے اور یکطرفہ فیصلہ کر کے زمین اپنے نام کروا لی۔اس فراڈ میں پٹواری‘ تحصیلدار سب ملوث ہیں اور ان کی سرپرستی وزیراعلی عثمان بزدار کا ڈپٹی سیکرٹری ملک علی عباس کررہا ہے۔شاہد رضارانجھا کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے مگر ہم اپنے کسی بھی بھائی اور بہن سے ظلم او رناانصافی نہیں ہونے دیں گے اسی لیے ہم آج محمو یوسف کھوکھر کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وزیراعلی عثمان بزدار کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ہم یہ کام بخوبی کرنا جانتے ہیں۔شاہد رانجھا کا کہناتھا کہ پاکستان اوورسیز فورم کا قیام بھی اپنے بہن بھائیوں کو پاکستان میں ہونے والی ناانصافیوں‘دھوکہ دہی اور فراڈ کے خاتمے کیلئے کیاگیا۔شاہد رانجھا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے شکایت کے پورٹل اور تمام اداروں کو اس کی تفصیلات بھیج دی گئی ہیں۔ان کی وزیراعظم عمران خان اپیل ہے کہ وہ اس ظلم اور ناانصافی کا ازالہ کریں اور ملزموں کو قرار واقعی سزا دیں۔اپنے ساتھ ہونے والی دھوکہ دہی اور فراڈ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے محمد یوسف کھوکھر کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2004ء میں غلام علی‘منیر احمد اور فتح شیرپسران عطا محمد قوم گوندل سکنہ جیہ تحصیل وضلع منڈی بہاؤالدین سے اراضی جس کی تعداد 32کنال مربع نمبر 42خسرہ نمبر 14/1تعداد چار کنال خسرہ نمبر 14/2تعداد چار کنال‘خسرہ نمبر 15 تعداد آٹھ کنال‘ خسرہ نمبر 16تعداد آٹھ کنال مربع نمبر 43‘خسرہ نمبر 20تعداد آٹھ کنال واقع موضع جیہ تحصیل وضلع منڈی بہاؤالدین 20لاکھ روپے زیر انتقال نمبر 1809خریدی تھی۔اراضی مذکورہ بالا غلام علی‘منیر احمد‘فتح شیر پسران عطا محمد مذکور نے ملک فرخ عباس ولد سکندر خان قوم کھوکھر سکنہ جیہ تحصیل وضلع منڈی بہاؤالدین سے مورخہ 06-07-1998کو بالعوض دس لاکھ روپے زیر انتقالات نمبر 1566تا1570خرید کی تھی۔محمد یوسف کھوکھر کا کہنا تھا کہ جب سال 2004ء میں سائل ودیگر بھائیوں کے نام انتقال نمبر 1809مورخہ 24-02-2004کو درج وتصدیق ہوا تو اس وقت مورخہ 19-06-2004ملک فرخ عباس ولد سکندر خان نے سائل کے خلاف دعوی حق شفہ عدالت دیوانی منڈی بہاؤالدین دائر کیا جو عدم ادخال زر سوم وعدم حاضری مورخہ 19-07-2204کو خارج ہو گیا تھاکے خلاف کبھی بھی ملک فرخ عباس نے اپیل دائر نہیں کی۔آج یہ سب ملی بھگت کے ساتھ فراڈ کر کے میری زمین ہتھیانے کے در پے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اوورسیز فورم کے نائب صدر مصطفی دیوان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی بیورو کریسی کا کردار نہایت افسوسناک ہے۔قوم کے محافظ قوم کے لٹیرے بن چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اوورسیز فورم کے پلیٹ فارم پر کئی ایک پاکستانی ہر روز پاکستان میں اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کے حوالے سے شکایات لے کر آ رہے ہیں۔وزیراعظم سے گزار ش کہ کرپٹ بیورو کریسی اور قبضہ مافیا سے ہماری جان چھڑائیں۔پریس کانفرنس میں نیویارک پولیس ڈپیارٹمنٹ کے پولیس افسر کیپٹن وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہر گز نہیں ہو نے دیں گے۔چاہے ہمیں اس کیلئے کسی بھی حد تک جانا پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ میں اپنے ملک کا بہترین تشخص پیش کرتے ہیں مگر افسوس کہ ہمیں ایسے واقعات سے شرمندگی اٹھانا پڑتی ہے۔پریس کانفرنس میں اوورسیز پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی پر غم وغصے کا اظہار کیاگیا۔

 

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here