وزیر اعظم سُوگا، امریکی صدر بائیڈن سےملاقات کے لیے اپریل میں امریکہ کا دورہ کریں گے

0
109

حکومت جاپان کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم سُوگا یوشی ہیدے، امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے مذاکرات کے لیے جلد از جلد اپریل کے پہلے نصف میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔جاپان کے چیف کابینہ سیکرٹری کاتو کاتسُونوبُو نے جمعہ کے روز بتایا کہ اس دورے سے جناب سُوگا، جنوری میں صدارتی عہدے پر فائز ہونے والے صدر بائیڈن سے بالمشافہ ملاقات کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ بن جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے اتفاق کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے انسداد کے لیے تمام لازمی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ جاپانی وفد میں لگ بھگ 90 سے زائد افراد نہیں ہوں گے اور جناب سُوگا سمیت ہر شخص کو اس دورے سے پہلے کورونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں دے دی جائیں گی۔جناب سُوگا نے حکومت اور حکمران اتحاد کے عہدیداروں کے اجلاس میں جمعہ کے روز بتایا کہ وہ جاپان امریکہ اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے اس موقع سے پورا فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا وہ صدر بائیڈن کے ساتھ اس امر کی تصدیق کی توقع کرتے ہیں کہ دونوں ملک مختلف معاملات کے حوالے سے باہم مل کر مؤثر عمل اور تعاون کریں گے۔ انہوں نے عالمی وبا، ماحولیاتی تبدیلیوں، چین سے متعلقہ معاملات اور شمالی کوریا کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جاپانیوں کا ذکر بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here