امریکہ‘برفباری سے درجنوں ہلاک 15کروڑافراد خطرے کی زد میں

0
49

برفباری سے اموات کی تعداد 70سے زائد ہوگئی‘ لاکھوں افراد بجلی سے محروم‘ 15کروڑ امریکی موسم سرما کے طوفان یا اسکے ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں‘ ملک کا 73 فیصد حصہ برفباری سے متاثر‘7ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ
ریاست ٹیکساس میں دو ہفتے سے جاری بجلی کا بحران اموات کی تعداد میں اضافے کا سبب بن گیا اور ہیٹنگ نہ ہونے کے سبب کئی افراد بستروں میں ہی سردی سے ہلاک ہوگئے‘علاقے میں خوراک اور پینے کے پانی کی قلت
16 امریکی ریاستوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا‘ صرف ٹیکساس میں 48 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں، ملک میں برفباری سے پائپ لائنیں جم گئیں اور قدرتی گیس کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے‘سینکڑوں پروازیں منسوخ
نیویارک (نیوز ڈیسک)امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری سے اموات کی تعداد 70سے زائد ہوگئی۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام میں خلل پڑنے سے لاکھوں افراد بجلی سے محروم‘ تقریباً 15 کروڑ امریکی موسم سرما کے طوفان یا اس کے ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں‘ ملک کا 73 فیصد حصہ برفباری سے متاثر ہے‘7ریاستوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں دو ہفتے سے جاری بجلی کا بحران اموات کی تعداد میں اضافے کا سبب بن گیا اور ہیٹنگ نہ ہونے کے سبب کئی افراد بستروں میں ہی سردی سے ہلاک ہوگئے۔ریاست ٹیکساس میں بسنے والے ایک کروڑ تیس لاکھ افراد کو پانی کی سپلائی بحال نہیں ہو سکی اور انھیں پینے کے صاف پانی کے حصول میں دشواریاں پیش آ رہی۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیکساس میں طوفان گزرنے کے بعد صورتحال نارمل ہورہی ہے تاہم کچھ علاقوں میں خوراک، پینے کے پانی کی قلت اب بھی برقرار ہے۔رپورٹس کے مطابق برفباری کے طوفان کے زیراثر مڈاٹلانٹک، نارتھ ایسٹ علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔شدید برفانی طوفان نے امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور ملک کا 73 فیصد حصہ برفباری سے متاثر ہے۔برفانی طوفان کے باعث امریکی ریاستوں ٹیکساس،کینٹکی اور الاباما سمیت 7ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ 20 شہروں میں تاریخ کا کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔16 امریکی ریاستوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور صرف ٹیکساس میں 48 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں، ملک میں برفباری سے پائپ لائنیں جم گئیں اور قدرتی گیس کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔خراب موسم اور رن وے کی صورت حال کے باعث امریکا میں 3 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق 73 فیصد امریکا اس وقت برف سے ڈھکا ہوا ہے۔ ریاست نیویارک میں برفانی طوفان کے سبب ہونے والی کئی انچ برف باری سے نظام زندگی متاثر ہوگئے۔مختلف ریاستوں میں پائپ لائنز میں پانی جمنے سے شہریوں کو دہرے مسائل کا سامنا ہے، لوزیانا میں 10 لاکھ افراد پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ریاست ٹیکساس میں صورتحال بہترہونے لگی، 20 لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جبکہ کئی دیگر ریاستوں میں اب بھی لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔امریکا بھر میں برفانی طوفان کے سبب اموات کی تعداد70 سے زائد ہوگئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق دو روز قبل آنے والے ایک سرد طوفان نے امریکا کے زیادہ تر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور برف کی کئی انچ موٹی تہہ جمنے اور بجلی کی فراہمی رکنے سے لاکھوں افراد شدید ٹھنڈ میں ایک ایسی صورت حال سے گزر رہے ہیں، جس کا سامنا اکثر لوگوں کو پہلی مرتبہ کرنا پڑ رہا ہے۔ریاست نارتھ کیرولائنا کے ساحلی علاقے میں طوفان کی زد میں آکر تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہیوسٹن میں سردی سے بچنے کے لیے آگ جلانے والے ایک ہی گھر کے چار افراد آتشزدگی کے باعث ہلاک ہو گئے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ٹیکساس اور کینٹکی کی ریاستوں میں سڑکوں پر گاڑیاں پھسلنے سے کم ازکم 11افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق کئی ریاستوں میں عہدے داروں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور ہائی ویز پر جانے سے احتراز کریں، کیونکہ سڑکوں پر برف جمنے سے گاڑی ڈرائیو کرنا دشوار ہو چکا ہے۔ کاریں، ٹرک اور دوسری گاڑیاں پھسل کر ایک دوسرے سے ٹکرانے کے بہت سے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً 15 کروڑ امریکی موسم سرما کے طوفان یا اس کے ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ساحلی علاقوں سے لے کر ٹیکساس اور الاسکا تک کے علاقے سردی کی شدت سے متاثر ہوئے ہیں۔اس موسم سرما میں کئی ایسے علاقے بھی برف باری کی زد میں آئے ہیں جہاں خال خال ہی برف پڑتی ہے۔ ریاست مسی سیپی کے عہدے داروں نے بتایا کہ سٹرکوں پر برف جمنے سے ٹریفک کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جب کہ اہل کاروں کے لیے سڑکوں سے برف ہٹانا مشکل کام بن گیا ہے کیونکہ اس ریاست میں عموماً برف نہیں پڑتی اس لیے ان کے پاس برف صاف کرنے کے آلات اور خصوصی گاڑیاں نہیں ہیں۔ریاست ٹیکساس نسبتاً ایک گرم علاقہ ہے جہاں کم کم ہی برف پڑتی ہے، لیکن اس بار موسم سرما نے عشروں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ریاست کے اکثر علاقوں میں برف باری نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ برف باری سے سیکڑوں پروازیں معطل ہو گئیں اور 20 لاکھ سے زیادہ افراد شدید سردی میں بجلی سے محروم ہو گئے، جو ان لوگوں کے لیے خاص طور پر ایک مشکل صورت حال تھی جن کے گھر بجلی سے گرم ہوتے ہیں۔ 16 امریکی ریاستوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور صرف ٹیکساس میں 48 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں، ملک میں برفباری سے پائپ لائنیں جم گئیں اور قدرتی گیس کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ریاست اوریگن میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ گزشتہ سال ستمبر میں بڑے پیمانے پر پھیلنے والی جنگل کی آگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد کو بجلی سے محروم ہونا پڑا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here