ٹوکیو گیمز کے لیے رہنما اصول نافذ کرنا ضروری ہے: اینتھونی فاؤچی

0
76

وہائٹ ہاؤس کے چیف میڈیکل ایڈوائزر اینتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے منتظمین کی جانب سے رہنما اصول نافذ کیے جانے چاہئیں۔جناب فاؤچی کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف امریکی حکومتی اقدامات کے نگران ہیں۔ وہ جمعہ کے روز غیر ملکی نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا ان کے خیال میں ٹوکیو گیمز کا انعقاد با حفاظت کیا جا سکتا ہے، جناب فاؤچی نے کہا، “درحقیقت دار و مدار اس بات پر ہو گا کہ وبا عالمی سطح اور جاپان میں کیا رُخ اختیار کرتی ہے”۔انہوں نے مزید کہا، “جاپان میں موجود اور وہاں جانے والے لا تعداد لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جہاں تک ممکن ہو رہنما اصول نافذ کیے جانے چاہئیں”۔انہوں نے کہا، ’’جاپان کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ ناصرف اپنے شہریوں بلکہ کھیلوں میں شرکت یا انہیں دیکھنے کے لیے وہاں جانے والے افراد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جاپانی حکومت کیا کچھ کر سکتی ہے۔ کس قسم کی پابندیاں عائد کرنا ہیں جس سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ لوگ ماسک پہنیں۔ مزید یہ کہ کس نوعیت کی ٹیسٹنگ کی ضرورت ہو گی‘‘۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا گیمز میں حصہ لینے والوں کو ویکسین دینے میں ترجیح دی جائے گی، جناب فاؤچی نے کہا، ” انحصار اس بات پر ہو گا کہ آپ کو اپنے ملک میں کس قسم کی ویکسین دستیاب ہے اور جاپان ترجیح کے حوالے سے کیا کرنا چاہتا ہے”۔ انہوں نے کہا، “یہ جاپانی حکام پر منحصر ہے”۔جناب فاؤچی نے یہ بھی کہا کہ اگر جاپانی حکام کھلاڑیوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ بات اُن کے لیے قابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے جواز یہ ہو گا کہ کھلاڑیوں کو اولمپک ولیج میں اکٹھے رہنا ہے اور اگر کوئی کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا تو یہ ایک انتہائی مشکل صورتحال ہو گی۔ یہ وائرس بہت آسانی سے دیگر کھلاڑیوں میں پھیل سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here