جاپانی وزیر اعظم کی جانب سے کووِڈ ویکسین کیلئے عالمی رسائی یقینی بنانے پر زور

0
66

جاپان کے وزیرِ اعظم سُوگا یوشی ہِیدے نے 20 بڑی معیشتوں کے گروپ پر زور دیا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں کیلئے کورونا وائرس ویکسینز اور علاج معالجے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پُرزور کوشش کی جائے۔جناب سُوگا نے سعودی عرب کی سربراہی میں منعقد ہونے والے جی ٹوئنٹی کے آن لائن سربراہ اجلاس میں گفتگو کی۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جِن پنگ اُن رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے اس دو روزہ سربراہ اجلاس کے آغاز میں ہفتے کے روز شرکت کی تھی۔جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ جی ٹوئنٹی کی جانب سے واضح طور پر یہ پیغام بھیجا جانا چاہیے کہ عالمی وباء سے نبٹنے، اقتصادی نمو بحال کرنے، بین الاقوامی سفر دوبارہ شروع کرنے اور کووِڈ کے بعد ایک بین الاقوامی نظام کی تشکیل میں وہ قیادت کریں گے۔جناب سُوگا نے ایک ایسا ماحول پیدا کرنے کی اہمیت کی نشاندہی کی جس میں دنیا بھر میں ہر کوئی علاج معالجے، ویکسینز اور مرض کی تشخیص تک رسائی حاصل کر سکے۔اُنہوں نے کہا کہ اس کیلئے جامع کاوش کی ضرورت ہے جس میں علاج معالجے کے لئے ادویات کی تیاری، پیداوار اور ترسیل کرنا شامل ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ جاپان عالمی صحت کوریج کی تشکیل میں مدد دینے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں سب لوگوں کو اعلیٰ معیار کی صحت دیکھ بھال فراہم کی جائے۔جناب سُوگا نے کہا کہ انفیکشن کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات کرتے ہوئے عالمی معیشت کی بحالی کے حصول اور بین الاقوامی سفر دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے ہر ممکنہ کوشش کی جانی چاہیئے۔ اُنہوں نے عندیہ دیا کہ جاپان ڈیجیٹل شعبے میں ضوابط بنانے اور سپلائی چینز یعنی فراہمی کے تسلسل کو فروغ دے گا۔آئندہ سال تک کیلئے ملتوی کردیئے جانے والے ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جناب سُوگا نے کہا کہ وہ اس ثبوت کے طور پر ان کھیلوں کے انعقاد کیلئے پُرعزم ہیں کہ بنی نوع انسان نے وائرس پر قابو پا لیا ہے۔ اُنہوں نے زور دیا کہ اُن کی حکومت اولمپک و پیرالمپک کھیلوں کو محفوظ اور اطمینان بخش انداز میں منعقد کرنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here