وزیراعظم سُوگا اور آئی او سی کے سربراہ ٹوکیو گیمز کے انعقاد میں تعاون پر متفق

0
78

ٹوکیو:___ جاپان کے وزیرِ اعظم سُوگا یوشی ہیدے اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، آئی او سی کے سربراہ تھامس باخ نے آئندہ سال ٹوکیو گیمز کامیابی سے منعقد کرنے میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم سُوگا اور جناب باخ نے پیر کے روز ٹوکیو میں وزیرِ اعظم دفتر میں لگ بھگ 30 منٹ بات چیت کی۔آئی او سی کے سربراہ، کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 2020 ٹوکیو اولمپک اور پیرالمپک گیمز ایک سال تک ملتوی ہونے کے بعد پہلی بار جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔وزیرِ اعظم سُوگا نے بات چیت کے آغاز میں کہا کہ وہ یہ ثبوت دینے کے لیے آئندہ موسم گرما میں گیمز کے انعقاد کا عزم رکھتے ہیں کہ بنی نوع انسان نے وائرس پر قابو پا لیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ان کھیلوں سے دنیا کو یہ بھی دکھایا جا سکے گا کہ 2011 کے زلزلے اور تسونامی سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیسے ہوئی ہے۔جناب سُوگا نے کہا کہ حکومت آئی او سی کے ساتھ قریبی تعاون سے کھیلوں کو محفوظ انداز میں اور تحفظ کے احساس کے ساتھ منعقد کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔اس کے جواب میں جناب باخ نے آئندہ سال کھیل منعقد کرنے کے عزم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کھیلوں کے انتہائی کامیاب انعقاد کے عزم میں وہ بھی شریک ہیں۔جناب باخ نے کہا ’’ہم ایک بار پھر ان اولمپک کھیلوں کو اس دنیا کے لیے یکجہتی اور اتحاد کی عظیم علامت بنا دیں گے، جو امید ہے کہ اُس وقت تک کورونا وائرس کے بعد کی دنیا بن چکی ہو گی‘‘۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اولمپک مشعل ’’اُس تاریک سرنگ کے اختتام پر پھوٹنے والی روشنی‘‘ ہو گی، جس میں اس وقت یہ دنیا ہے۔جناب سُوگا نے بعدازاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے جناب باخ کو یہ وضاحت کی کہ جاپان کھیل کے مقامات پر تماشائیوں کو قبول کرنے کی تیاریاں کس طرح کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کی نوعیت کے بارے میں بھی دونوں نے تبادلۂ خیال کیا ہے۔جناب سُوگا نے کہا اُن کی بات چیت انتہائی بامعنی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here