ایمی نے صدر ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس میں جسٹس کلیرنس تھامس سے حلف لیا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں عام انتخابات سے ایک ہفتہ قبل جج ایمی کونی بیریٹ نے امریکی سینٹ سے توثیق کے بعد سپریم کورٹ کی جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے نامزد جج بیریٹ نے صدر ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس میں جسٹس کلیرنس تھامس سے حلف لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے امریکا کیلئے یادگار دن قرار دیا۔اس موقع پر جج بیریٹ نے کہا کہ وہ بلاخوف اور کسی دباؤ کے بغیر فرائض انجام دیں گی۔خیال رہے کہ امریکی سینیٹ میں جج بیریٹ کو 52 میں سے48 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔جج بیریٹ کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک بڑی فتح سمجھی جارہی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی سپریم کورٹ کی جسٹس روتھ بیڈر گنزبرگ کینسر کے باعث 87 برس کی عمر میں دارِ فانی سے کوچ کر گئیں تھیں۔