شہباز شریف کو بھائی کا ساتھ دینے پر سزا ملی، مریم نواز

0
83

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو بھائی کا ساتھ دینے پر گرفتار کیا گیا، کچھ بھی ہوجائے نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ تحریک چلے گی اور بھرپور طریقے سے چلے گی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل، کم فہم اور فراست سے عاری قرار دے دیا۔اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتار ی کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ آج کا دن بہت افسوسناک ہے، قائد حزب اختلاف کو دوسری بار گرفتار کیا گیا۔ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کا بوجھ ہر ایک نہیں اٹھا سکتا۔ شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ن لیگ میں سے ش نہیں نکلے گی۔ ایسی باتیں ن لیگ میں سے ش لیگ نکالنے میں ناکامی کی چیخیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر ریفرنس چل رہا تھا، انہیں عدالتوں کے چکر لگوائے گئے، فیصلے پہلے لکھ کر لائے ہوئے ہیں، مجھے اب بھی عدلیہ پر بھروسا ہے، جانتی ہوں کہ میڈیا اور سیاستدانوں کی طرح عدلیہ بھی دباؤ کا شکار ہے۔ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود شہباز شریف نے اپنے بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑا، انہوں نے اپنے بڑے بھائی کے ساتھ وفاداری کی اور ایک لمحے کےلیے بھی الگ نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ شہباز شریف کو کسی الزام پر گرفتار نہیں کیا گیا، ن لیگ کے صدر کا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے ہے، تنخواہ دار فرد کا ارب پتی ہونا قابل احتساب ہے، یہ کیس نیب کو نظر نہیں آرہا؟مریم نواز نے مزید کہا کہ ن لیگ میں ش نکالنے والوں کی چیخیں نکل گئیں، جس نے ن لیگ کو توڑنے کا خواب دیکھا وہ یہ حسرت لے کر قبر میں چلا گیا، ایسی بات وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں رشتوں کا تقدس تک معلوم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ن میں سے ش یا میم نہیں نکلے گی، شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف نے کوئی غلط بات نہیں کی، ان کی تقریر پر سو فیصد عمل ہوگا، حکومت اے پی سی کی تحریک سے خوفزدہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here