حضور نبی کریم ﷺکے میلاد پاک کے سلسلہ میں سجائی جانے والی محافلِ ربِ کریم کی رحمتوں کے حصول کا ذریعہ ہوتی ہیں”پیر محمدحسان حسیب الرحمن

0
240

راولپنڈی (صفدر حسین سے ):___عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺکے میلاد پاک کے سلسلہ میں سجائی جانے والی محافلِ نعت و محافلِ میلادِ مصطفی ﷺربِ کریم کی رحمتوں کے حصول کا ذریعہ، گناہوں کا معاف کروانے کا ذریعہ، مخلوقِ خدا کو آپس میں شیروشکر کرنے والی وہ محافل ہیں جن میں دلوں پر سکون و اطمینان کی کیفیات وارد ہوتی ہیں اور در حقیقت یہ محافل خیر سگالی، امن و سلامتی اور اخوت ورواداری کو فرو غ دینے والی محافل ہیں جن میں بلا تفریقِ مسلک تمام مسلمان شرکت کرنے کو اپنے لیے سعادت ِ دارین سمجھتے ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ، اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی ناموس کی حفاظت کے لیے آواز بلند کرنا ہر اہلِ ایمان کا کام ہے لیکن اس سلسلہ میں ہمیں کسی قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا۔ دشمنانِ اسلام نے وطنِ عزیز میں انتشار پھیلانے کے لیے ایک بڑا خطرناک اور آخری تیر چلایا ہے کہ پاکستان میں فرقہ واریت کو پھیلایا جائے اور شیعہ سنی فسادات ہوں لیکن انشاء اللہ باقی تدابیر کی طرح اُن کی یہ تدبیر بھی رد جائے گی اور ہم نے کسی قسم کی فرقہ واریت کا حصہ نہیں بننا ہے فرقہ واریت کے آگے بند باندھنا ہمارا قومی و مذہبی فریضہ ہے۔ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آگے سے آگے جائے گا، اس کا پرچم سر بلند ہو گا اور اس کے دشمن ذلیل ہوں گے۔ اس ضمن میں تمام علمائے کرام و مشائخِ عظام اپنی آواز بلند کرتے ہوئے قوم کو پیغام دیں کہ پاکستان کسی قسم کی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور ہم سب کو اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق برقرا ر رکھنا چاہیے۔ اس سلسلہ میں ہمیں اپنے ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ و دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی اعلانیہ گستاخی کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ہم پُر امن لوگ ہیں مگر بے غیرت نہیں کہ اِن ارفع و اعلیٰ ہستیوں کی گستاخی پر آواز بلند نہ کریں۔ ہمارا مشن ہے کہ فرقہ واریت پاکستان سے ختم ہو جائے اور ساری اُمت مصطفی ﷺ کے نامِ مبارک پر ایک ہو جائے۔ ہم صرف بین المسالک نہیں بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے قائل ہیں لیکن مقدس ہستیوں کی کسی قسم کی گستاخی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے مقام پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفلِ نعت سے خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام، عاشقانِ مصطفی ﷺ، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here