جاپان کا متنازع جزائر کے حوالے سے سوشل میڈیا استعمال کرنے کا ارادہ

0
41

شمالی علاقہ جات کہلانے والے جزائر کے گروپ سے متعلقہ اُمور کے جاپانی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوان افراد میں آگاہی بڑھانے کے لیے سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جاپان ان روسی زیرِ انتظام جزائر کی ملکیت کا دعویدار ہے۔ حکومت اپنے اس مؤقف پر قائم ہے کہ یہ جزائر سرزمینِ جاپان کا موروثی حصہ ہیں اور دوسری جنگ عظیم کے بعد ان پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر لیا گیا تھا۔ اوکیناوا اور شمالی علاقہ جات اُمور کے وزیر کونو تارو نے قبل ازیں رواں ماہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اتوار کے روز پہلی بار شمالی پریفیکچر ہوکائیدو کا دورہ کیا ہے۔ جناب کونو نے نیمُورو شہر میں واقع کیپ نوساپُّو سے جاپان کے دعویٰ کردہ جزائر میں سے ایک کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے شمالی علاقے میں واقع ایک عجائب گھر کا دورہ بھی کیا اور حکام سے تفصیلات سُنیں۔ انہوں نے مذکورہ جزائر کے سابقہ رہائشیوں سے ملاقات کی۔ جناب کونو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس معاملے کے بارے میں نوجوان نسل کی آگاہی میں کمی ہوتی جا رہی ہے اور حکومت سوشل میڈیا کے ذریعے اُن کی توجہ مبذول کروانے کیلئے بہت کچھ کر سکتی ہے۔ ان جزیروں کے سابقہ رہائشیوں کا جزائر کا ویزہ کے بغیر سالانہ دورہ کورونا وائرس کی عالمگیر وباء کے باعث اس سال منسوخ ہو گیا ہے۔جناب کونو نے کہا ہے کہ جب بھی حالات سازگار ہوئےتو حکومت ان دوروں کی بحالی کیلئے تیاریاں کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here