سُوگا یوشی ہیدے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر منتخب

0
183

جاپان کی مرکزی حکمران جماعت نے چیف کابینہ سیکریٹری سُوگا یوشی ہیدے کو اپنا نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ 71 سالہ سیاستدان کا وزیرِاعظم آبے شنزو کی جگہ لینا عملاً یقینی ہے، جنہوں نے صحت کے مسائل کی بناء پر گزشتہ ماہ مستعفی ہونے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔ جناب سُوگا نے 535 میں سے 377 ووٹ حاصل کر کے اپنے دونوں حریفوں، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل اِشی با شِگیرُو اور پارٹی کے موجودہ پالیسی سربراہ کِشیدا فُومی او کو شکست دی۔ اعلیٰ حکومتی ترجمان نے اپنی اولین ترجیحات کی وضاحت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلے سے زیادہ مؤثر حکومت کی تشکیل کے لیے وہ انتظامی اصلاح میں پیشرفت چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ سماجی سلامتی کا ایسا نظام قائم کریں گے جو امدادِ باہمی کے لیے عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اُنہیں تحفظ فراہم کرے۔ اراکینِ پارلیمان نئے وزیرِاعظم کے انتخاب کے لیے بدھ کے روز ووٹ ڈالیں گے۔ دونوں ایوانوں میں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی زیرِ قیادت اتحاد کی اکثریت ہونے کی وجہ سے جناب سُوگا کی کامیابی تقریباً یقینی ہے۔ بعد ازاں، بُدھ ہی کے روز نئی کابینہ کے اراکین نامزد کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here