ایل ڈی پی کی صدارت کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں تیزی

0
124

ٹوکیو:___جاپان کی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے، پیر کے روز ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل، تینوں صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم میں تیزی آ رہی ہے۔ ایل ڈی پی کے سابق سیکرٹری جنرل اِشیبا شِگیرُو، چیف کابینہ سیکرٹری سُوگا یوشی ہیدے اور پارٹی کی پالیسی سازی کے سربراہ کِشیدا فُومیو، پارٹی کی صدارت کے امیدوار ہیں۔ جیتنے والا امیدوار، جاپان کا اگلا وزیر اعظم بھی ہوگا۔ جناب اشیبا نے جمعرات کے روز ٹوکیو میں نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو میں، 11 مارچ سنہ 2011 کو شمال مشرقی جاپان میں آنے والے زلزلے و تسُونامی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جوہری حادثے کو عنقریب 10 سال مکمل ہو جانے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ایل ڈی پی کے پالیسی سربراہ تھے اس وقت پارٹی حزب اختلاف میں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد انہوں نے تعمیر نو کی ایجنسی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دوبارہ متاثرہ خطے میں جا کر، سانحات کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کے لیے نئی وزارت کی تشکیل کی تجویز پیش کرنا چاہتے ہیں۔ جناب سُوگا نے پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی حمایت کے حصول کے لیے ان کے دفاتر کا دورہ کیا۔ ایوان زیریں کے ایک رکن نے جناب سُوگا کو یقین دہائی کرائی کہ ان کے آبائی پریفیکچر میں پارٹی کی تمام شاخیں ان کی حمایت کریں گی۔ تیسرے امیدوار جناب کِشیدا نے جمعرات کے روز میاگی پریفیکچر کے کُری ہارا شہر کا دورہ کیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ بات چیت کی، جنہیں کورونا وائرس کی وبا کے باعث، قیمتوں میں ممکنہ کمی کا خدشہ ہے۔ جناب کشیدا نے قیمتوں کے استحکام میں مدد دینے کے لیے سیاسی اقدامات کا وعدہ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here