ٹوکیو نے اپنے کورونا وائرس الرٹ کو ایک درجہ کم کردیا

0
232

ٹوکیو نے اپنے کورونا وائرس انتباہ کی سطح کو ایک درجہ کم کر دیا ہے۔ نئے کیسز کی ہفتہ وار تعداد میں کمی کی وجہ سے تقریبا دو مہینوں تک چار درجوں والے پیمانے پر بلند ترین سطح پر رہنے کے بعد اس الرٹ کو کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹوکیو میٹرو پولیٹن حکومت نے جمعرات کے روز یہ فیصلہ صحت عامہ اور متعدی امراض کے ماہرین کے ساتھ صورتحال کے جائزے سے متعلق ایک اجلاس میں کیا۔ٹوکیو میڈیکل ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین، اینوکُچی ماساتاکا نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے میں نئے کیسز کی اوسط تعداد 149 رہ گئی جبکہ اُس سے پچھلے ہفتے یہ تعداد 183 تھی۔

لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ شرح میں کمی معمولی ہے اور صورتحال پر مسلسل کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ طور پر نئے کیسز کی تعداد میں مستحکم شرح سے کمی آ رہی ہے تاہم صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حالت واپس آ سکتی ہے جس کے لئے انتباہ کو بلند ترین سطح پر لے جانے کی ضرورت ہو گی۔اس اجلاس کے بعد ٹوکیو میٹروپولیٹن حکومت نے 23 وارڈوں میں شراب خانوں اور ریستورانوں کے اختتامی اوقات پر فی الوقت عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 10 بجے کاروبار بند کرنے کی پابندی اگلے منگل کو ختم ہوگی۔اجلاس کے دوران ٹوکیو میں صحت کی دیکھ بھال کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعین کیا گیا کہ دارالحکومت میں طبی ادارے طویل عرصے سے دباؤ کا شکار ہیں اور ان کو اعانت کی ضرورت ہے۔ اس تعین میں گزشتہ 10 ہفتوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here