کیُوشُو: تیز ہواؤں اور طوفانی بارش سے وسیع پیمانے پر نقصانات

0
259

کیُوشُو:__سمندری طوفان ہائی شین جنوب مغربی جزیرے کیُوشُو سے گزر گیا ہے تاہم جاپان کے حکام مسلسل محتاط رہنے کی تاکید کر رہے ہیں۔اس طوفان سے جاپان کے کیُوشُو اور چُوگوکُو خطے میں طوفانی ہوائیں چلیں اور شدید بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر کئی حصوں میں بھی اس طوفان کی وجہ سے شدید بارش ہوئی ہے۔ حکام مٹی کے تودے گرنے، دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کے خطرات سے خبردار کر رہے ہیں۔کیُوشُو میں کم از کم 46 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ میازاکی پریفیکچر کے حکام کے مطابق مٹی کے ایک تودے کی لپیٹ میں آنے والی عمارتیں نزدیکی دریا میں جا گرنے کے بعد سے 4 افراد لا پتہ ہیں۔کچھ فارمز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ناگاساکی پریفیکچر میں طوفانی ہواؤں نے گرین ہاؤسز کو متاثر کیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ انکی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔سمندری طوفان کے باعث خاص طور پر کیُوشُو میں 3 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کا کہنا ہے بجلی کی بحالی کا کام جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا۔پیر کی دوپہر ڈھائی بجے تک چھ پریفیکچروں میں لگ بھگ 8 لاکھ 70 ہزار افراد کے لئے انخلا کا حکم یا مشورہ دے دیا گیا تھا۔طوفان سے سفری سہولیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ پیر کے روز اندرونِ ملک کی لگ بھگ 580 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ان پروازوں میں کیُوشُو سمیت، شِکوکُو اور چُوگوکُو خطوں میں آنے اور وہاں سے جانے والی پروازیں شامل تھیں۔کیُوشُو شِنکان سین کی تمام بلٹ ٹرینوں کے ساتھ ساتھ ہاکاتا اور ہیروشیما کے درمیان چلنے والی تمام سانیو شِنکان سین بلٹ ٹرینیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here