ہائی شین طوفان:اپنے حفاظتی اقدامات کم نہ کریں:محکمۂ موسمیات

0
91

جاپان کے محکمۂ موسمیات کے حکام لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ سمندری طوفان ہائی شین جو اس وقت جاپان کے جنوب مغربی علاقے کیلئے پُرخطر ہے، اُس کے کچھ کمزور پڑ جانے کے باوجود انتہائی محتاط رہیں۔ محکمۂ موسمیات کے حکام نے اتوار کی صبح ساڑھے نو بجے ایک اخباری کانفرنس منعقد کی۔ اس محکمے کے ناکاموتو یوشی ہِیسا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اوکیناوا اور اَمامی علاقوں کے جزائر پر ہوا کے تیز جھکّڑ اور بلند لہریں دیکھنے میں آئی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان کے تازہ ترین ڈیٹا کی بنیاد پر یہ امکان کم ہے کہ حکام کاگوشیما پریفیکچر کیلئے ہنگامی انتباہ جاری کریں۔ لیکن اُنہوں نے کہا کہ وہ لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے حفاظتی اقدامات کم نہ کریں کیونکہ سمندری طوفان کی زیادہ سے زیادہ متوقع ہواؤں کی سطح میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ہائی شین اپنے مرکز کے نزدیک زیادہ سے زیادہ 162 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہوا لیے ہوئے ہے اور فی گھنٹہ 216 کلومیٹر کی رفتار سے جھکّڑ چل رہے ہیں۔ اس میں مرکزی فضائی کرۂ ہوائی کا دباؤ 945 ہیکٹوپاسکلز ہے۔ محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان اتوار کی شام پانچ بجے کاگوشیما پریفیکچر میں یاکُوشیما جزیرے کے مغرب-جنوب مغرب میں 70 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ طوفان 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی جانب جا رہا ہے۔ حکام لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ مقامی حکومتوں کی جانب سے انخلاء کی ہدایت یا احکامات جاری کیے جانے کی صورت میں تیزی سے انخلاء کریں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہاکہ انخلاء میں جھکّڑوں کے رکاوٹ ڈالنے سے پہلے حرکت میں آ جانا بہتر ہے۔ وزارتِ اراضی کے ایک عہدیدار کے مطابق یہ خطرہ بڑھ رہا ہے کہ کیُوشُو جزیرے پر کاگوشیما، میازاکی اور کُماماتو پریفیکچروں میں بڑے دریاؤں کے پُشتے ٹوٹ جائیں گے۔ میازاکی پریفیکچر میں کئی ہوٹلوں کے کمرے اپنے گھروں سے انخلاء کرنے والوں نے محفوظ کروا لیے ہیں۔ پہاڑ کی چوٹی پر واقع ایک ہوٹل کے تمام 101 کمرے اتوار کیلئے محفوظ کروا لیے گئے ہیں۔ منتظم کا کہنا ہے کہ سال کے اس وقت کیلئے تمام کمروں کی بکنگز غیرمعمولی امر ہے۔ سمندری طوفان نقل و حمل کے اہم نیٹ ورکس کو متاثر کر رہا ہے۔ اتوار کے روز 500 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جن میں سے بیشتر جنوبی کیُوشُو اور اوکیناوا آنے جانے والی پروازیں تھیں۔ کیُوشُو شِنکان سین کی منتظم کمپنی نے کہا ہے کہ اتوار کے روز خدمات جُزوی طور پر معطل اور پیر کے روز منسوخ کردی جائیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here