چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، ایڈمرل ظفر محمود

0
79

امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا یوم دفاع کے موقع پر کہنا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چھ ستمبر یہ دن ہمیں پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ہمارے شہداء اور غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کی جرأتمندانہ جنگی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ قابلیت نے دشمن کو بچاؤ کی پالیسی اپنانے پر مجبور کیا، پاک بحریہ کے جہازوں نے آپریشن ”سومناتھ“ کے دوران بے مثال بہادری سے دوارکا میں قائم بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بحر ہند میں اپنا تسلط قائم رکھتے ہوئے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک ہی مقید رکھا، پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مزید کہا ہے کہ آج پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو دہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک ترقی یافتہ اور پر امید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here