سمندری طوفان ہائی شین اتوار اور پیر کے درمیان جاپان کی طرف بڑھے گا

0
184

سمندری طوفان ہائی شین کی آفات سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے  ہمیں تیاریوں کا آغاز کیسے کرنا ہو گا

جاپان کے محکمہ موسمیات نے انتباہ کے لیے غیر معمولی قدم اٹھایا ہے کیونکہ سمندری طوفان ہائی شین وسیع علاقے میں بڑی تباہی پھیلا سکتا ہے۔آئیے دیکھتے ہیں کہ اس قدرتی آفت سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں تیاریوں کا آغاز کیسے کرنا ہو گا۔سب سے پہلے تو خطرات کی نشاندہی کرنے والا نقشہ حاصل کریں، جس میں آپ کے نزدیک خطرناک مقامات کی نشاندہی کی گئی ہو۔ سمندری طوفان کے دوران تند وتیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ لہریں بلند ہوتی ہیں اور طوفان کی شدت بڑھتی ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے، دریاؤں میں سیلاب آنے اور شہری علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے۔وزارت اراضی اور مقامی حکومتوں کے تیار کردہ، خطرات کی نشاندہی کرنے والے نقشوں کی مدد سے ہمیں یہ نشاندہی کر لینا چاہیے کہ انخلائی مراکز کہاں ہیں اور انخلا کا محفوظ راستہ کدھر ہے۔ہمیں کس وقت انخلا کرنا شروع کر دینا چاہیے؟طوفان قریب آنے پر اس کے ہمراہ تیز ہواؤں کے جھکڑ چلنے اور شدید بارش کے باعث عین اس وقت انخلا کی کوشش کرنا خطرناک ہو گا۔ صورتحال بگڑنے سے قبل محفوظ مقام کی جانب روانگی کے اقدامات کا آغاز کر لینا چاہیے۔ ٹیلی ویژن، ریڈیو اور انٹرنیٹ کی مدد سے انخلا کے بارے میں مقامی حکومت کی فراہم کردہ اطلاعات پر نظر رکھنی چاہیے۔تاہم یہ بات بھی ذہن میں رکھی جائے کہ پُرہجوم مقام پر قیام سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا امکان بھی ہو گا۔کسی بلند عمارت کی بالائی منزل کے رہائشیوں یا بلند مقامات پر بنے گھروں کے مکینوں کے لیے گھر پر ہی پناہ لیے رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ کسی رشتے دار یا دوست کے گھر یا پھر ہوٹل یا سرائے جیسے عوامی رہائشی مقام پر ٹھہرنے کے بارے میں سوچنا بھی بہتر ہے۔اب سوال یہ ہے کہ انخلاء کے وقت اپنے ہمراہ کیا کچھ لے کر جانا چاہیے۔سب سے پہلے تو اپنے ساتھ پینے کا پانی اور ہنگامی استعمال کی اشیا کی اتنی مقدار رکھیں جو کئی دنوں کے لئے کافی ہوں اور نقد رقم بھی پاس رکھیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیا اور ادویات ساتھ لینا مت بھولیں۔ آفت کے بارے میں معلومات تک مسلسل رسائی کے لئے پورٹیبل ریٖڈیو اور سمارٹ فونز کے چارجرز بھی ساتھ رکھیں، جو بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی صورت میں استعمال ہو سکیں۔ فلیش لائٹ بھی ضروری ہے۔کورونا وائرس سے بچاؤ میں مدد گار ماسک، جراثیم کش محلول اور تھرمامیٹر جیسی اشیا بھی تیار رکھیں۔گھر کے آس پاس کی جگہ خالی رکھیں اوریہ امر یقینی بنائیں کہ آس پاس ایسی کوئی چیز نہ ہو جس سے خطرہ لاحق ہو سکے۔ہر فرد کی ضرورت کے اعتبار سے محفوظ مقام اور ضروری اشیا کی نوعیت مختلف ہوتی ہے۔ اپنے علاقے میں طوفان کی آمد سے قبل ہی اپنی صورتحال کے مطابق تیاریاں شروع کر لیجئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here