اسمبلیوں میں موجود مافیا سے مقابلہ ہے‘سلیم الرحمن

0
449
ہم تبدیلی کا ووٹ لے کر آئے مگر مافیا نے ہمیں باندھا ہوا ہے اور یہ مافیا اسمبلیوں میں موجود ہے مگر عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کریں گے
 پاکستانی ہر سال 23ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں جب اوورسیز کیلئے دوہری شہریت کی بات آتی ہے تو نظرانداز کر دیا جاتا ہے‘نسیم خان علیزئی
بروکلین‘ نیویارک (م ح سے):___ لٹل پاکستان میں واقع پاکستان ہاؤس میں کمیونٹی کی ممتاز شخصیت پاکستانی ووٹرز یو ایس اے کے روح رواں پاکستانی امریکن بزنس مین نسیم خان علی زئی کے ہمراہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونحوا سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی سلیم الرحمن نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کا مقابلہ تاریخ کے کرپٹ ترین مافیا سے ہے یہ مافیا ہر ایک شکل میں پاکستان پر پچھلے چالیس سالوں سے مسلط ہیں – ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ ماہ پٹرول کی قیمت کم کی تو کمپنیوں نے تیل کی ترسیل کو روک دیا-سابقہ حکومتوں نے بین الاقوامی انرجی کمپنیوں سے بجلی کے ایسے معاہدے کئے ہوئے ہیں کہ ہماری حکومت پھنس کر رہ گئی ہے اور عوام رل کر رہ گئی ہے –ایل این جی کے کئے گئے معاہدوں سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا-ان کا کہناتھا کہ ہم تبدیلی کا ووٹ لے کر آئے مگر مافیا نے ہمیں باندھا ہوا ہے اور یہ مافیا اسمبلیوں میں موجود ہے مگر عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کریں گے -نئے معاہدوں سے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی-ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے عنصر کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں بصورت دیگر لوگ پاکستان میں ہماری حکومت سے مطمئن ہیں سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات میں تحریک انصاف پی پی پی اور مسلم لیگ کا صفایا کرے گی- انہوں نے کہاکہ خان صاحب کے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے ہم تین سالوں میں پورا کریں گے ٹی پی ایس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر پاکستانیوں کو ٹی پی ایس  کے قانون کے تحت لائیں گے اس حوالے سے وہ اسمبلی اور عمران خان سے خود بات کریں گے-ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹریک سے اتر چکا تھا اس کو ٹریک پر لانے کیلئے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں -سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج قائم کرنا چاہتی ہے تحریک انصاف کی حکومت آج پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں اہم ترقی کررہی ہے جہاں دنیا بھر سے سیاح پاکستان آئیں گے- ان کاکہنا تھا کہ آج کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کررہی ہے-پاکستان میں کیسز ختم ہو چکے ہیں -احساس پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کورونا وائرس کے دوران 12سو ارب روپے غریبوں میں تقسیم کئے-ان کاکہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی-انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کو ترقی کی راہوں پر لے جا ئے گا-ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کر کے عمران خان کی حکومت نے اہم کام کیا ہے جس سے اسلامی دنیا میں ہمارا امیج بڑھا ہے-پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نسیم خان علی زئی نے کہا کہ وہ اپنے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک وملت کی خدمت کے جذبے کو اپنے دلوں میں موجزن رکھا-نسیم خان علی زئی کا کہنا تھا کہ پاکستانی رہتے امریکہ میں ہیں مگر ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم ہر آنے والے سیاسی وغیر سیاسی کارکن شخصیات کو ان کی کسی بھی سیاسی پارٹی سے وابستگی کو دیکھے بغیر ایک محب وطن پاکستانی ہونے کے ناطے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہیں -نسیم خان علی زئی کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پاکستانی ہر سال 23ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں مگر جب اوورسیز پاکستانیوں کیلئے دوہری شہریت کی بات آتی ہے تو نظرانداز کر دیا جاتا ہے-ان کاکہنا تھا کہ پاکستان ہاؤس ہر پاکستانی کیلئے کھلا ہے چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتا ہو -پریس کانفرنس میں ڈاکٹر گوہر علی‘ اشتیاق احمد‘راجہ ضمیر آف پراں ودیگر نے شرکت کی

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here