امریکی صدر نے آنجہانی یوکوتا کی بیوہ کو تعزیتی پیغام روانہ کیا ہے

0
126

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکوتا شِگیرو کی بیوہ کو تعزیتی خط روانہ کیا ہے۔ آنجہانی یوکوتا شمالی کوریا کے ہاتھوں دہائیوں قبل اغوا ہونے والی بیٹی سے ملے بغیر گزشتہ ماہ انتقال کر گئے تھے۔یوکوتا میگُومی کو بحیرہ جاپان کے ساحل پر واقع نیگاتا شہر میں، ثانوی اسکول سے گھر واپسی پر سنہ 1977 میں اغوا کر لیا گیا تھا۔ جناب شِگیرو اور ان کی اہلیہ محترمہ ساکِیے، اغواء شدگان کے اہلخانہ کی جانب سے اپنے عزیز و اقارب کو گھر واپس لانے کی کوششوں کی قیادت کرتے رہے۔ وہ 5 جون کو، 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔اغواء شدگان کے اہلخانہ کی اعانت کرنے والے گروپ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے یوکوتا ساکِیے کو لکھے گئے خط کے بارے میں بدھ کے روز بتایا ہے۔ خط میں صدر ٹرمپ نے لکھا، ’خاتون اول اور مجھے، آپ کے شوہر شِگیرو کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا‘۔انہوں نے مزید لکھا ہے، ’آپ اور آپ کے شوہر کی انتھک کوششوں کی بدولت ہی شمالی کوریا کے ہاتھوں اغواء کا معاملہ، جاپان اور امریکہ کے لیے بدستور مرکزی توجہ کا حامل ہے۔ ہم آپ اور آپ کے صاحبزادوں تاکُویا اور تیتسُویا کے ساتھ مل کر میگُومی کو بالآخر گھر واپس لانے کی اہم کوششوں میں شریک رہیں گے‘۔محترمہ ساکِیے نے امریکی صدر کا مخلصانہ الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور میگُومی کو واپس لانے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے عالمی امن کی خاطر ان سے مدد کی بھی درخواست کی۔صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کے ساتھ سربراہ ملاقاتوں میں اغواء شدگان کا معاملہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے جاپان کے 2 دوروں کے دوران محترمہ ساکِیے اور اغواء شدگان کے دیگر ا ہلخانہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here