عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے‘صدرآزاد کشمیر

0
99

مظفرآباد (نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مقبوضہ کشمیر میں آٹھ کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور بھارتی قابض فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو ظلم و جبر سے روکے اور اسے انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کا ذمہ دار قرار دے کر مجرموں کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی سے فائدہ اٹھا کر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑا دیں ہیں۔ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی مخصوص تعریف خطے اور عالمی امن کے لیے انتہائی خطر ناک ہے۔ بھارت کشمیریوں کو ریاستی جبر سے غلام بنائے رکھنے کے بجائے اُن کی خواہشات اور اُمنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے تاکہ خطہ سے فوجی کشیدگی کے ماحول کو ختم کر کے دیر پا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں، پلوامہ اور ڈالی پورہ کے علاقوں میں محاصرے اور گھر گھر تلاشیوں کے آپریشن کے دوران چھ نوجوانوں کی شہادت پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نام نہاد سیکیورٹی آپریشن کے نام پر کشمیری نوجوانوں کو قتل کر کے بھارت بے جا طاقت کا استعمال کر رہا ہے۔ بھارتی فوج کی نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری خون ریزی کشمیریوں کو اپنے دفاع میں قابض اور جارح فوج کے خلاف ہتھیار اُٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کے قتل و غارت اور ظلم و بربریت کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی ہر صورت جاری و ساری رہے گی کیونکہ کشمیریوں کا یہ عزم ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے غیر ملکی غاصبانہ قبضہ کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور آزادی و حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here