ایران سے مذاکرات” ٹرمپ جاپانی ثالثی پر آمادہ

0
79

امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ شدید کشیدگی کے باعث دنیا میں جنگ کے بادل ایک مرتبہ منڈالانے لگے‘امریکی سختی کے جواب میں ایران میں نرمی کے کوئی آثار نہ دیکھتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ کا لہجہ بھی نرم ہو گیا
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر جاپان ثالث کا کردار ادا کرے تو امریکا اپنے سخت حریف ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے پر راضی ہے‘جاپانی وزیراعظم کے امریکہ اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ شدید کشیدگی کے باعث دنیا میں جنگ کے بادل ایک مرتبہ منڈالانے لگے‘امریکی بحری بیڑے حرکت میں ہیں اور ایران کی طرف سے نرمی دکھانے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے تھے‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی غالباً ایرانی تیور دیکھتے ہوئے ڈھیلے پڑ گئے اور ایران سے مذاکرات کرنے کیلئے جاپان کی طرف سے ثالثی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے-صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر جاپان ثالث کا کردار ادا کرے تو امریکا اپنے سخت حریف ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے پر راضی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے قریبی دوست جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تنازع کے حل کے لیے جاپان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ جاپانی وزیراعظم کے ایرانی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور امریکا سے بھی جاپان کے درینہ تعلقات ہیں، مجھے اپنے دوست شنزو آبے پر مکمل اعتماد ہے اور ایران بھی جاپان کی ثالثی میں مذاکرات کے لیے انکار نہیں کرے گا۔صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران سے مذاکرات کا عندیہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کی دھمکیوں کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں بحری بیڑے سمیت فائٹر طیارے اور 1500 امریکی فوجی تعینات کردیئے ہیں۔قبل ازیں امریکا نے عالمی جوہری توانائی کے معاہدے سے دستبردار ہوتے ہوئے ایران پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کردی تھیں اور ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کا استثنیٰ ختم کردیا تھا جس کے بعد کئی ممالک نے ایران سے تیل کی درآمد ختم کردی تھی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ 4 روزہ سرکاری دورے پر جاپان پہنچے اور جاپان کے وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ دورے دوران صدر ٹرمپ نے جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو سے بھی ملاقات کی اور اہلیہ میلانیا کے ہمراہ شاہی محل میں شہنشاہ کی جانب سے ضیافت میں شرکت کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here