پاکستان اور امریکی فٹ سال فیڈریشن کے مابین فٹ سال سوکر
کے شعبے میں اہم پیشرفت کا اعلان


پاکستان فٹ سال فیڈریشن اور امریکی فٹ سال فیڈریشن میں معاہدہ طے پاگیا


پاکستانی کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی صلاحیت انتہائی درجے تک موجود ہے اگر ہمیں حکومت کی سرپرستی میسر ہو تو بین الاقوامی سطح پر فٹ سال کھیل میں ہم پاکستان کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں‘حضرت علی خان

ہم پاکستان میں فٹ سال فیڈریشن کے شعبے میں اصلاحات لانے اور اس اہم کھیل اور اس سے منسلک کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم فریضہ ادا کرینگے‘ مارک ایڈورڈ براؤن

پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے پروموٹر نوجوان پاکستانی امریکن بزنس مین عدنان ملک‘ سمیع اور پاکستان ہاؤس کے چیف ایگزیکٹو اور علی زئی فاؤنڈیشن کے صدر معروف پاکستانی امریکن نسیم خان علیزئی بھی اس موقع پر موجود تھے

بروکلین‘ نیویارک (منظور حسین سے)

امریکہ کے خصوصی دورے پر تشریف لائے ہوئے پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے صدر نوجوان پاکستانی سپورٹس مین حضرت علی خان کی نیویارک میں واقع پاکستان ہاؤس میں امریکی سوکر فٹ سال فیڈریشن کے صدر مسٹر مارک ایڈورڈ براؤن سے خصوصی ملاقات۔امریکہ اورپاکستان فٹ سال فیڈریشن کے صدور کے مابین انتہائی اہمیت کی حامل ہونیوالی اس ملاقات میں پاکستان کے سپورٹس خصوصاپاکستان سوکر فٹ سال کی بہتری اور ا س اہم نوعیت کی سپورٹس کی پاکستان اور دنیابھر میں آگے بڑھانے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو اس اہم ترین سوکر فٹ سال سپورٹس میں آگے آنے کیلئے ایک اہم ترین مفاہمت کی یادداشت پرمیمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کے دو طرفہ معاہدے پردستخط بھی کئے گئے۔امریکہ اور پاکستان کی سوکر فٹ سال فیڈریشن خصوصاپاکستان میں نظرانداز کی جانے والی اس خوبصورت کھیل کو بین الاقوامی بنیادوں پر استوار کئے جانے والے اس اہم معاہدے کے دوران پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے صدر حضرت علی کا کہنا تھا کہ وہ امریکی فٹ سال فیڈریشن کے صدر کے ممنون ہیں کہ جنہوں نے پاکستان میں کھیلے جانے والے اس مخصوص بین الاقوامی کھیل کی پذیرائی اور پاکستانی کھلاڑیوں میں بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے ان سے خصوصی تعاون کیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فٹ سال فیڈریشن اور اس سے منسلک کھلاڑیوں کو بین الاقوامی فورم پر کھیلنے کیلئے حکومت پاکستان آگے بڑھے تاکہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو۔حضرت علی خان کاکہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں آگے بڑھنے کی صلاحیت انتہائی درجے تک موجود ہے اگر ہمیں حکومت کی سرپرستی میسر ہو تو بین الاقوامی سطح پر فٹ سال کھیل میں ہم پاکستان کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس موقع پر امریکن فٹ سال فیڈریشن کے صدر مسٹر مارک ڈیورڈ براؤن نے حضرت علی خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں فٹ سال فیڈریشن کے شعبے میں اصلاحات لانے اور اس اہم کھیل اور اس سے منسلک کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم فریضہ ادا کریں گے۔ امریکہ اور پاکستان کے مابین نجی سطح پر کئے جانے والے اس اہم معاہدے کی تقریب کے دوران پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے پروموٹر نوجوان پاکستانی امریکن بزنس مین مسٹر عدنان ملک‘ مسٹر سمیع اور پاکستان ہاؤس کے چیف ایگزیکٹو اور علی زئی فاؤنڈیشن کے صدر معروف پاکستانی امریکن مسٹر نسیم خان علی زئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published.